ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے 16میں سے 12گرام پنچایتوں پر راج کرے گی کانگریس : صدر ونائب صدر عہدوں کے ریزرویشن اعلان کے بعد کانگریس کا دعویٰ

بھٹکل کے 16میں سے 12گرام پنچایتوں پر راج کرے گی کانگریس : صدر ونائب صدر عہدوں کے ریزرویشن اعلان کے بعد کانگریس کا دعویٰ

Fri, 29 Jan 2021 20:16:08    S.O. News Service

بھٹکل:29؍جنوری (ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ کے 16گرام پنچایتوں کے صدور و نائب صدورعہدوں کےلئے ریزرویشن کا اعلان ہوتےہی بھٹکل کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ  16میں سے 12گرام پنچایتوں میں کانگریس کے حمایتی اراکین  صدر ونائب صدر کے عہدوں پر منتخب ہوں گے۔ 

 بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک نے  جمعہ کی شام  پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے  بتایا کہ تعلقہ کے بائیلور ، کوپا، کائی کنی، بینگرے ، یلووڑی کوؤور ، ماروکیری ، شرالی ، ہیبلے ، ماولی -1 اوربیلکے میں کانگریس کے حمایتی  ممبران کی اکثریت ہے، اس بناء پر ان پنچایتوں میں کانگریسی حمایت والے ممبران کا صدر اور نائب صدر بننا طے ہے۔ البتہ  کونار ، ہاڈولی اور ماوین کوروے میں  کانگریس کے حمایتی  پیچھے ہیں جبکہ  منڈلی اور مٹھلی میں برابر کامقابلہ ہے، لیکن ان پنچایتوں میں  بھی کانگریس کے حمایتی ہی اقتدار پر قابض ہو سکتے ہیں۔

بائیلور گرام پنچایت میں صدر کا عہدہ گروپ ’بی‘ کے لئے ریزرو ہواہے۔ وہاں کانگریس  پارٹی کی اور سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی مداح انیتا فراسک ڈیسوزا کا صدر بننا طئے ہے۔ سنتوش نائک نے  کہاکہ ریاست میں ہماری حکومت نہیں ہے، بھٹکل ودھان سبھا حلقہ میں بھی ہمارے رکن اسمبلی نہیں ہیں، ان حالات میں بھٹکل کانگریس نے پنچایت الیکشن میں جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس پر کانگریس فخر  کا اظہار کرتی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ  مستقبل میں کانگریس دوبارہ برسراقتدار  پر آنے کی یہ واضح علامت ہے۔

سنتوش نائک نے کہا کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں خاص بات یہ رہی کہ یہ کانگریس کے نظریہ کی جیت ہے اور  فتح پانے والے ممبران میں کوئی بھی بی جے پی کی خرید و فروخت کے جھانسے میں  آنے والے نہیں ہیں۔ پریس کانفرنس میں ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر عبدالمجید ، کانگریس لیڈر گوپال نائک، عبدالرحیم شیخ، بائیلور گرام پنچایت صدر کے لئے تفویض کردہ  انیتا فراسک ڈیسوزا ، بھاسکر نائک کائی کنی ، کرشنا دیواڑیگا وغیرہ موجود تھے۔


Share: